0

*جامعہ کراچی میں جاپانی زبان اور آئی ٹی کے کو رسزمکمل کرنے والے طلبہ میں بدست شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی سرٹیفکیٹس تقسیم*

*جامعہ کراچی میں جاپانی زبان اور آئی ٹی کے کو رسزمکمل کرنے والے طلبہ میں بدست شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی سرٹیفکیٹس تقسیم*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) شعبہ کمپیوٹر سائنس یو بی آئی ٹی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور جاپانی کمپنی پلس ڈبلیو کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے جاپانی بزنس لینگویج اور آئی ٹی کورس کے پہلے بیچ کے کامیاب طلبہ میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منگل کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی۔ حال ہی میں جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور جاپانی کمپنی پلس ڈبلیو کے مابین مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت طے پایا تھا کہ جاپانی کمپنی جامعہ کراچی کے طلبہ کو جاپانی بزنس لینگویج سکھانے کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، بگ ڈیٹا، بلاک چین، مشین لرننگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجی پر تین ماہ کے سرٹیفیکیٹ کورسز کا تواتر کے ساتھ انعقاد کرے گی۔ تقریب کے دوران ڈیٹا سائنس اور جاپانی زبان کے کورس مکمل کرنے والے طلبہ نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ کورسز ان کیلئے کافی سود مند ثابت ہوئے اور ان کو بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کو ملا۔ طلبہ نے اُمید ظاہر کی کہ وہ اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جاپانی آئی ٹی مارکیٹ میں اپنا مقام بنا سکیں گے۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو ان کورسز سے بہت فائدہ ہوگا اور وہ جاپانی بزنس کمیونٹی میں اپنے ہنر کو آزما سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے طلبہ بہت ذہین ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلئے نصاب کو جدید خطوط پر آراستہ کرنے کیساتھ ساتھ انہیں ملکی و غیر ملکی جامعات اور انڈسٹری کے تجربات و تحقیق سے بھی آگاہ کیا جاتا رہے اور انکو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرسکیں۔ اس موقع پر پروجیکٹ کے فوکل پرسن ڈاکٹر ندیم محمود نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذ کورہ کورس میں فزیکل اور آن لائن کلاسز دونوں شامل تھیں اور طلبہ کو کیس اسٹڈیز کے ساتھ ساتھ مختلف پریکٹیکل اور پروجیکٹ بھی کروائے گئے۔ سرٹیفکیٹ تفویض کرنے کی تقریب میں ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر سیدہ حورالعین، ڈاکٹر سید عاصم علی، ڈاکٹر فرحان احمد صدیقی، مکیش کمار و دیگر شامل تھے جبکہ پلس ڈبلیو کے نائب صدر تاکاشی ہوریوچی، حافظ محمد عمیر، محمد طلحہٰ اور نمرہ قمبرانی نے آن لائن شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ کو پلس ڈبلیو کے ذریعے جاپانی کمپنیوں سے متعارف کرایا گیا۔

یہ خبر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں