منڈی بہاوالدین(حاجیمظہر اقبال گوندل)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی اور اینٹی7 ہیومن ٹریفکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثاقب حیات گوندل، اسسٹنٹ لیبر آفیسر رانا آصف منیر سمیت ایف آئی اے گجرات سے چوہدری اختر حسین، پبلک پراسیکیوٹر،بھٹہ یونین کے صدر میاں غلام سرور چدھڑ ،جنرل سیکرٹری حاجی مظہر اقبال ، عرفان احمد وڑائچ، عمر حیات گوندل کوٹ بلوچ،چوہدری معظم و دیگر بھٹہ مالکان نے شرکت کی۔قبل ازیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر و یلفیئر ثاقب حیات گوندل نے اجلاس کو محکمہ لیبر کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ لیبر کے افسران تسلسل کے ساتھ بھٹہ خشت کی انسپکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور چیکنگ کے دوران کوئی جبری مشقت نہیں پائی گئی۔ جبکہ 3 دکانوں پر چائلڈ لیبر پائے جانے پر متعلقہ تھانوں میں استغاثہ جات جمع کروا دئیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھٹہ جات پر عدالتی احکامات کے مطابق کم از کم اجرت کے نفاذ پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک تقریبا ایک ہزار سوشل سکیورٹی کارڈز جاری ہو چکے ہیں ۔جبکہ باقی خاندانوں کیلئے کارڈز جاری کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کارڈز کا اجراء یقینی بنایا جائے تاکہ غریب مزدوروں کی فلاح و بہبود ہو سکے اور یہ علاج معالجہ کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ مزدور خاندانوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے سیشنز کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی سے کام کریں اور لیبر لاز کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
