سکھر( نمائندہ دعا آن لائن سید ضیاءالرحمٰن )سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 193فیصد ہوشربا اضافے کے باوجود شہریوں کو گیس دستیاب نہیں، گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی نے شہریوں کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار کر دیاہے، سوئی گیس کی دستیابی نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی میں شدید پریشانیوں اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، محکمہ سوئی گیس انتظامیہ فوری طور پر گیس پریشر کی کمی کا خاتمہ کر کے مسلسل گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے بصورت دیگر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اپنے دفتر میں ایس ڈی اے رہنماﺅںمولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو،علامہ نور احمد قاسمی، آغا طاہر مغل، عیدن جاگیرانی، شاہ محمد انڈھڑ،محمد رضوان قادری، شہزادو بھٹو،شکیل قریشی،بابو مہر، آغا محمد اکرم درانی،حافظ محمد شریف ڈاڈا، محمد منیر میمن، عبدالباری انصاری، ڈاکٹر سعید اعوان، امداد جھنڈیر، انیس خان، ڈاڈو ابڑو، فقیر رمضان کورائی،سید کاشف شاہ، سلیم جاگیرانی و دیگرسے گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن کا مزیدکہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ وطن عزیز قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باجود توانائی بحران ختم نہیں ہو رہا، صارفین کی جانب سے بھاری رقوم کے بلوں کی ادائیگی کے باوجود گیس کی سہولت سے محروم رکھنا سراسر ظلم و ناانصافی ہے، گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث جہاں گھریلو خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی میں مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہاہے تو وہیں پر بیشتر اسکول جانے والے طلبہ و طالبات اور دفاتر جانیوالے ملازمین بغیر ناشتے کیے جانے پر مجبور ہیں، دوپہر اور رات کے اوقات میں بھی گیس کی دستیابی نہ ہونے کی وجہ سے غربت، مہنگائی، بیروزگاری کی ماری عوام متبادل ایندھن استعمال کرنے اور باہر ہوٹلوں سے کھانہ منگوا کر کھانے پر مجبور ہیں،جس سے مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ حکومت فوری طور پر سوئی گیس انتظامیہ کی غفلت، لاپرواہی کا نوٹس لیکر گیس کی مسلسل فراہمی اور پریشر کی کمی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر بھرپور احتجاج کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ سوئی گیس انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
