سعودی عہدیدار نے مملکت میں ایران کے سفیر کا استقبال کیا
سعودی عرب
ریاض
سعودی نائب وزیر برائے قونصلر امور سفیر علی الیوسف نے اتوار کے روز مملکت میں ایران کے سفیر علی رضا عنایتی کا استقبال کیا۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران فریقین نے دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے دیگر موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔
ایران نے علی رضا عنایتی کو مئی میں سعودی عرب میں اپنا سفیر مقرر کیا تھا۔
دریں اثنا ایران میں سعودی عرب کے نئے سفیر عبداللہ بن سعود العنازی نے گذشتہ ہفتے تہران کے وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان کو اپنی اسناد پیش کیں۔ اپریل میں چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان برسوں کی سیاسی کشمکش کا خاتمہ ہوا۔
ایران کی عدلیہ کی خبر رساں ایجنسی میزان کے مطابق علی رضا عنایتی وزیرِ خارجہ کے معاون اور وزارت میں خلیج عرب امور کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کر چکے ہیں۔