97

*شہد وہ امرت دھارا ہے جس میں اللہ تعالی نے طاقت اور شفا رکھی* بدھ 24 اگست 2022 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

*شہد وہ امرت دھارا ہے جس میں اللہ تعالی نے طاقت اور شفا رکھی*

بدھ 24 اگست 2022
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

رب ِ ذوالجلال نے شہد کو باعثِ شفاء قرار دیا ہے چنانچہ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالی ہے

*﴿فِیہِ شِفآءٌ لِّلنَّاس﴾ (النحل:۶۹)*

ترجمہ: اس(شہد)میں لوگوں (کی بہت سی بیماریوں) کے لیے شفاء ہے۔
اسی آیت کے تحت مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع صاحب اپنی شہرہ آفاق تفسیر معارف القرآن (۵:۳۵۲) میں لکھتے ہیں:

﴿اس میں اللہ تعالی کی وحدانیت اور قدرتِ کاملہ کی قاطع دلیل موجود ہے، کہ ایک چھوٹے سے جانور کے پیٹ سے کیسا منفعت بخش اور لذیذ مشروب نکلتا ہے؛ حالانکہ وہ جانور خود زہریلاہے ،زہر میں سے یہ تریاق واقعی اللہ تعالی کی قدرتِ کاملہ کی عجیب مثال ہے ،پھر قدرت کی یہ بھی عجیب صنعت گری ہے کہ دودھ دینے والے حیوانات کا دودھ موسم اور غذا کے اختلاف سے سرخ و زرد نہیں ہوتا اور مکھی کا شہد مختلف رنگوں کا ہو جاتا ہے﴾ اسی وجہ سے اللہ تعالی فرماتے ہیں: ﴿ یَخْرُجُ مِن بُطُوْنِھا شَرَابٌ مُّخْتَلِفٌ أَلْوَانُہ‘﴾ (النحل:۶۹)

*اس کے پیٹ میں سے پینے کی ایک چیز نکلتی ہے (شہد)جس کی رنگتیں مختلف ہوتی ہیں۔*

ماہرین ِ طب نے اپنی تحقیقات اور تجربات کی روشنی میں شہد کے کئی فوائد ذکر کیے ہیں جن میں سے چند فوائد ہدیہٴ ناظرین کیے جاتے ہیں:

۱- شہد پیاس کو بجھاتا ہے ۔

۲- حافظہ کو قوت بخشتا ہے؛چنانچہ امام ِزہری کا ارشاد ہے :﴿عَلَیْکَ بِالْعَسَلِ فَاِنَّہ جَیِّدٌ لِلْحِفْظِ﴾
ترجمہ :شہد کا اہتمام کرو؛ کیونکہ یہ حافظہ کے لیے بہترین ہے

۳- شہد ردی رطوبتیں نکالتا ہے ۔

۴- اس کا کثرتِ استعمال استسقاء، یرقان ، عسرالبول، ورمِ طحال، فالج ،لقوہ، زہروں کے اثرات اور امراض سر و سینہ میں مفید ہے۔

۵- پتھری کو خارج کرتا ہے ۔

۶-باہ ، بصارت ،اور جگر کو قوت ملتی ہے۔

۷- بو علی سینا اسے مقوی معدہ بھی قرار دیتے ہیں۔

۸- دانتوں کے لیے شہد ایک بہترین ٹانک ہے ،اسے سرکہ میں حل کرکے دانتوں پر ملنا ان کو مضبوط کرتا ہے، اور مسوڑھوں کے ورم دور کرنے کے علاوہ دانتوں کو چمکدار بناتاہے، گرم پانی میں شہد اور سرکہ کے ساتھ نمک ملا کر غرارہ کرنے سے گلے اور مسوڑھوں کا ورم جاتا رہتا ہے۔

۹- نہار منہ شہد پینے سے پرانی قبض ٹھیک ہو جاتی ہے،کھٹے ڈکار آنے بند ہو جاتے ہیں اور اگر پیٹ میں ہوا بھر جاتی ہو تو وہ نکلے جاتی ہے ۔

۱۰- اطباء قدیم نے افیون ،پوست اور بھنگ کے نشہ کو زائل کرنے کے لیے گرم پانی میں شہد مفید بتایا ہے

۱۱- انسان بڑھاپے میں عموماً تین مسائل کا شکار ہو تا ہے

:۱۔ جسمانی کمزوری،
۲۔بلغم،
۳۔جوڑوں کا درد،

قدرت کا کرشمہ ہے کہ شہد کے استعمال سے یہ تینوں مسائل آسانی سے حل ہو جاتے ہیں ۔

۱۲- شہد میں Antiseptic
خصوصیات ہونے کی بنا پر زخموں پر لگانا یا جلی ہوئی جلد پر لگانا نہایت مفید پایا گیا ہے۔

۱۳- چہرے سے مہاسے اور پھنسیاں دور کرنے کے لیے بہت اچھا علاج سمجھا جا تا ہے ۔

۱۴- طب ِنبوی کے مشہور مرتب علاء الدین کحال (م۷۲۰ھ -۱۳۲۰م) نے شھد کو اسہال کے علاوہ غذائی سمیت یعنی Food poisining میں مفید قرار دیا ہے

۱۵- طالبِ علموں کے لیے انتھائی مفید بتایا جاتا ہے ،زیادہ دیر تک پڑھ سکنے کا باعث اور ان کی یادداشت کے بہتر رہنے کا ذریعہ ہے۔

۱۶- دل کے مریضوں کو اسے پینے کے دوران دورے نہیں پڑتے۔

یہ شہد کی چند خصوصیات تھیں جن سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ قدرت کا یہ عظیم الشان تحفہ کتنی اہمیت و افادیت کا حامل ہے جو ایک معمولی سی لطیف گشتی مشین جو ہر قسم کے پھل پھول سے مقوّی عرق اور پاکیزہ جوہر کشید کرکے اپنے محفوظ گھڑوں میں ذخیرہ کرتی ہے، اس سے حاصل کیا جاتا ہے، ربّ ذوالجلال سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنی نعمتوں کی کما حقّہ قدردانی اور اپنے حبیب جناب ِنبی کریم ا کے قیمتی ارشادات کو اپنے سینوں سے لگانے کی توفیق عطاء فرمائے۔

آمین یا رب العالمین

Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell:00923008604333

یہ خبر شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں